بیوروکریسی اور ایگزیکٹو عدلیہ سے مذاق کر رہے ہیں: جسٹس محسن اختر کیانی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق آڈیٹر جنرل پاکستان بلند اختر رانا کی پینشن کی عدم ادائیگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری بیوروکریسی اور ایگزیکٹو مل کر عدلیہ کو غیر سنجیدہ لینے کا رویہ اپنا رہے ہیں۔

latest urdu news

انہوں نے واضح کیا کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنا ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کو مجروح کرتا ہے۔

توہینِ عدالت کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے اس بات پر سخت اظہارِ ناراضی کیا کہ عدالتی حکم پر عمل کرنے کے بجائے متعلقہ اداروں نے انٹرا کورٹ اپیل زیرِ سماعت ہونے کا جواز پیش کرتے ہوئے مزید وقت مانگا۔ جسٹس کیانی نے ریمارکس دیے کہ اگر اپیل زیرِ سماعت ہے تو پہلے عدالتی حکم کو معطل کروایا جائے، ورنہ عدالتی فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ بلند اختر رانا کو اس ماہ کے آخر تک ماہانہ پینشن ادا کی جائے، ورنہ عدالت توہینِ عدالت کی کارروائی کرے گی۔ جسٹس کیانی نے یہ بھی کہا کہ اگر فیصلے پر عمل نہ ہوا تو اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (AGPR) اور آڈیٹر جنرل کے اکاؤنٹس منجمد بھی کیے جا سکتے ہیں۔

سماعت کے دوران انہوں نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری پر تشدد کے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت آئی جی، ایس ایس پی، ایس پی اور دیگر افسران کو سزا ہوئی تھی، وہ جیل تو نہیں گئے لیکن سزا کے باوجود آج بھی پینشن لے رہے ہیں۔ ان کے مطابق اسی طرح موجودہ کیس میں بھی عدالتی فیصلے سے لاتعلقی قابلِ قبول نہیں۔

سپریم کورٹ میں پیش ہونے والا شہری دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

جسٹس کیانی نے کہا کہ انتظامیہ جب چاہے عدالتی حکم مان لیتی ہے اور جب چاہے نظر انداز کر دیتی ہے، جس سے نہ صرف عدلیہ کی رٹ متاثر ہوتی ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی کمزور پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا مقصد کسی کے خلاف سختی نہیں، لیکن عدالتی فیصلوں کا احترام لازمی ہے۔

اے جی پی آر کے نمائندے نے استدعا کی کہ فروری تک مہلت دی جائے تاکہ انٹرا کورٹ اپیل کا فیصلہ ہو سکے، جس پر عدالت نے کہا کہ یا تو ہمارا حکم معطل کروایا جائے یا اس پر مکمل عمل کیا جائے۔ عدالت نے بلند اختر رانا کی پینشن اس ماہ کے آخر تک ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter