راولپنڈی، پاک فوج نے 22 اپریل سے 10 مئی تک کی جنگی صورتحال کو "معرکۂ حق” قرار دیتے ہوئے اسے ایک تاریخی باب قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارتی جارحیت اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستانی میڈیا نے دشمن کے پروپیگنڈے کے خلاف ڈٹ کر کردار ادا کیا، ترجمان پاک فوج نے کہا کہ الحمدللہ، مسلح افواج نے قوم سے کیا وعدہ نبھایا اور عوام نے بھرپور حمایت فراہم کی۔
6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کے حملوں کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا گیا، دشمن کی جارحیت کے نتیجے میں معصوم شہری، خواتین اور بچے شہید ہوئے جس کے بعد پاکستان نے نہ صرف جواب دیا بلکہ انصاف کی بحالی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دے کر شہداء کے خون کا بدلہ لیا، اور قوم کے زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، سائبر محاذ پر نوجوانوں کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں، جنہوں نے ورچوئل میدان میں دشمن کا مقابلہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کی 26 فوجی تنصیبات کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کی نصرت اور قوم کی دعاؤں کا ثمر ہے، پاک افواج کا عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں فتح کی بنیاد بنیں۔
بیان میں تمام افواج، سیاسی قیادت اور عوام کی یکجہتی کو سراہا گیا،بتایا گیا کہ بروقت فیصلوں، جدید نیٹ ورک، اور مشترکہ جنگی حکمت عملی کی بدولت زمینی، فضائی، بحری اور سائبر سطح پر شاندار ہم آہنگی کے ساتھ کامیاب کارروائیاں کی گئیں۔