بولان: بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے حاجی شہر میں صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، حادثے کے نتیجے میں 4 مسافر موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ 32 زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے متعدد افراد کی حالت تشویشناک قرار دی ہے۔ سبی ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طبی امداد کے بعد 10 شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، لیویز اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ حادثے کے مقام پر مقامی افراد نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں سڑک حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، جن کی بڑی وجوہات میں ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی غفلت، گاڑیوں کی خراب حالت، اور تیز رفتاری شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بارہا توجہ دلانے کے باوجود حفاظتی اقدامات پر سنجیدگی سے عملدرآمد نہ ہونے کے باعث ایسے المناک واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ڈرائیور کی غفلت سمیت دیگر ممکنہ عوامل کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔