آزاد کشمیر کے علاقے دودگئی میں 24 فروری کو برفانی تودے تلے دبے تیسرے نوجوان کی لاش 4 ماہ بعد نکال لی گئی، باقی دو لاشیں پہلے ہی نکالی جا چکی تھیں۔
وادی نیلم، آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے علاقے دودگئی میں برفانی تودے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے تیسرے نوجوان کی لاش 4 ماہ بعد نکال لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش کو نکال کر ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے دیگر دو نوجوانوں کی لاشیں کچھ عرصہ قبل ہی برآمد کر لی گئی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ 24 فروری کو پیش آیا تھا، جب تین نوجوان شدید برفباری کے دوران پیش آنے والے برفانی تودے کی زد میں آ کر دب گئے تھے۔ تینوں دوستوں کا تعلق وادی نیلم کی خوبصورت مگر دشوار گزار گریس ویلی کے علاقے پھلاوائی سے تھا۔
قدرتی آفات کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، جس کے باعث تیسرے نوجوان کی لاش تک رسائی ممکن نہ ہو سکی تھی۔ تاہم اب برف کے پگھلنے کے بعد ریسکیو ٹیموں کو کامیابی ملی اور آخری لاش بھی نکال کر اہل خانہ کے سپرد کر دی گئی۔
یاد رہے کہ آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کے دوران برفانی تودوں کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جن کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں اور مقامی آبادی کو شدید خطرات کا سامنا رہتا ہے۔