شکارپور کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی تین بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
شکارپور کے علاقے گاؤں ہمایوں کے قریب ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکے کے نتیجے میں راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
پولیس کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے، جو دھماکے کی نوعیت اور اس کے محرکات کا جائزہ لے رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کے تعین کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ بوگیوں کو ٹریک سے ہٹانے کا کام جاری ہے، جبکہ متاثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے بھی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ اس واقعے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو جلد معمول پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں ماضی میں بھی ریلوے ٹریکس کو نشانہ بنا کر تخریبی کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں، جن کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور ریلوے نظام کو نقصان پہنچا۔ حکام نے حالیہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا عندیہ دیا ہے۔