پاکستان کا پہلا بٹ کوائن ریزرو اور قومی بٹ کوائن والٹ قائم، عالمی سرمایہ کاروں کو دعوت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاس ویگاس میں بٹ کوائن ویگاس 2025 کانفرنس کے دوران پاکستان نے اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو، قومی بٹ کوائن والٹ اور 2000 میگاواٹ بجلی بٹ کوائن مائننگ کے لیے مختص کرنے کا اعلان کر دیا۔

latest urdu news

لاس ویگاس میں منعقدہ عالمی کانفرنس "بٹ کوائن ویگاس 2025” کے دوران پاکستان نے تاریخی اعلان کرتے ہوئے پہلا سرکاری حمایت یافتہ اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو اور قومی بٹ کوائن والٹ کے قیام کا اعلان کیا، یہ اعلان وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے بلاک چین اور کرپٹو، بلال بن ثاقب نے کیا۔ ان کے ساتھ اس موقع پر پاکستان کرپٹو کونسل (PCC) کی نمائندگی بھی موجود تھی۔

بلال بن ثاقب نے اپنے خطاب میں بتایا کہ یہ قومی بٹ کوائن والٹ ریاستی تحویل میں موجود ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بنایا جا رہا ہے اور یہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت (AI) ڈیٹا سینٹرز کے لیے ابتدائی طور پر 2000 میگاواٹ اضافی بجلی مختص کر دی ہے، تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

کانفرنس کے دوران بلال بن ثاقب نے امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاک بھارت کشیدگی کے دوران امن قائم کرنے کی کوششوں اور کرپٹو کے فروغ میں کردار کو سراہا، اس تقریب میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر بھی شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 4 کروڑ سے زائد کرپٹو والٹس موجود ہیں اور پاکستان دنیا کی بڑی فری لانسنگ معیشتوں میں شامل ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام کا بھی اعلان کر چکا ہے تاکہ بلاک چین پر مبنی مالیاتی نظام کو ریگولیٹ کیا جا سکے۔

انہوں نے عالمی کرپٹو کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیاں یہاں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان ماضی میں کرپٹو کرنسی سے متعلق غیر یقینی پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر پیچھے رہ گیا تھا، لیکن اب بٹ کوائن ریزرو، قومی والٹ، اور بلاک چین اتھارٹی جیسے اقدامات سے ملک ایک جدید ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد رکھنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

پاکستان کی جانب سے بٹ کوائن ریزرو، قومی والٹ اور 2000 میگاواٹ بجلی کی مائننگ کے لیے مختصی جیسے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک ڈیجیٹل انقلاب کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کی تفصیل اس رپورٹ میں دیکھی جا سکتی ہے

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter