مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی فلاحی تنظیم بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 10 لاکھ ڈالرز امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ امداد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے توسط سے فراہم کی جائے گی، جو ملک کے چاروں صوبوں میں پھیلے 33 متاثرہ اضلاع میں 4 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کو طبی سہولیات فراہم کرے گا۔ امداد کا مقصد متاثرین کو فوری طبی مدد، ادویات، اور حفاظتی سہولیات مہیا کرنا ہے۔
پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ڈپینگ لو نے خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گیٹس فاؤنڈیشن کی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مدد ہزاروں جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ڈاکٹر ڈپینگ لو نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث مون سون کی شدت بڑھ رہی ہے اور قدرتی آفات کا خطرہ بھی بڑھتا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر عالمی برادری کا فوری ردعمل اور تعاون نہایت اہم ہے۔
بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن اس سے قبل بھی پاکستان میں پولیو کے خاتمے، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کرتی رہی ہے، اور اس نئی امداد کو بھی اسی جذبے کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔