نیو یارک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے چھ بھارتی طیارے مار گرائے تھے، لیکن بھارتی حکومت کو یہ تسلیم کرنے میں ایک ماہ لگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی عوام سے سچ چھپایا کیونکہ اسے جنگ میں شکست ہوئی تھی۔
اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ بات چیت اور سفارتکاری کو ترجیح دی ہے اور جنگ بندی کے حصول میں عالمی برادری کی شمولیت پر انحصار کیا۔ ان کے مطابق اگر بین الاقوامی برادری اپنا مؤثر کردار ادا کرے تو جنوبی ایشیا میں مستقل امن کا قیام ممکن ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، لیکن امن اسی وقت ممکن ہوگا جب فریقین ڈائیلاگ میں شامل ہوں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت اب بھی مذاکرات سے انکاری ہے، جو خطے میں غیر یقینی صورتحال کو بڑھا رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ اگر بھارت واقعی جنگ جیتا ہوتا، تو پھر وہ اپنے عوام سے سچ کیوں چھپاتا؟ انہوں نے کہا، "آسان جواب یہ ہے کہ جو ملک اپنے عوام سے جھوٹ بول رہا ہے، وہی جنگ ہارا ہے۔” اس سلسلے میں بھارت کے ایک جنرل کے اعتراف پر بھی تنقید ہوئی، جس کا تفصیلی احوال آپ یہاں پڑھ سکتے ہیں: بھارتی جنرل کا طیارہ گرائے جانے کا اعتراف۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل، آبی تنازعات اور دہشت گردی جیسے حساس موضوعات پر بھی ثالثی کا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ "سب سے بڑی کامیابی یہی ہوگی کہ ڈائیلاگ کا عمل بحال ہو، کیونکہ مسائل کا واحد دیرپا حل بات چیت ہی ہے۔”