لاہور، (نیوز ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، بلاول بھٹو زرداری، عوامی مینڈیٹ کے ساتھ پاکستان کے اگلے نوجوان وزیراعظم بنیں گے۔
یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی اٹک کی تنظیم اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی قیادت گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کر رہے تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ "پاکستان ہے تو تمام سیاسی جماعتیں ہیں”، اور اس بات پر زور دیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران تمام سیاسی قوتیں ملکی افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہوئیں، جس کے باعث بھارت کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک، جمہوریت اور عوام کے حقوق کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں دوبارہ متحرک اور فعال ہو چکی ہے، اور ملک بھر میں عوامی پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔
صدر زرداری نے پارٹی کی نظریاتی بنیادوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں، محنت کشوں، سرکاری ملازمین اور پسے ہوئے طبقے کی نمائندہ جماعت ہے، جو ہمیشہ کمزور طبقے کی آواز بنی ہے۔
اس موقع پر اٹک کی تنظیم نے صدر آصف علی زرداری کو اٹک کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے صدر نے خوش دلی سے قبول کیا۔