بلاول بھٹو بھارتی جارحیت بے نقاب کرنے نیویارک پہنچ گئے، عالمی محاذ پر سفارتی جنگ کا آغاز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کریں گے، امریکی تھنک ٹینک اور کانگریس کے ارکان سے مشاورت، بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے کا مشن۔

latest urdu news

نیویارک میں پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایک اہم سفارتی مشن پر پہنچ چکے ہیں جس کا مقصد بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا اور پاکستان کا موقف موثر انداز میں عالمی برادری کے سامنے رکھنا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری 2 جون کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے باضابطہ ملاقات کریں گے، جہاں وہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال، لائن آف کنٹرول پر بھارتی دراندازی، اور پاکستان کو لاحق خطرات پر مفصل بریفنگ دیں گے۔

اس اعلیٰ سطحی وفد میں مشیر توانائی مصدق ملک، سینیٹر شیری رحمان، سابق وزرائے خارجہ حنا ربانی کھر اور جلیل عباس جیلانی، اور تجربہ کار سفارتکار تهمینہ جنجوعہ شامل ہیں۔ وفد نیویارک میں امریکی تھنک ٹینکس، کانگریس کے ارکان، صحافیوں، اور مختلف شعبوں سے وابستہ ماہرین سے بھی ملاقاتیں کرے گا تاکہ بھارت کے خلاف پاکستان کے مؤقف کو ہم آہنگ اور مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔

بلاول بھٹو زرداری 5 جون کو واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک Middle East Institute میں ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے، جس میں جنوبی ایشیا کی صورتحال اور بھارتی پالیسیوں کے خطے پر اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کو وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی اُس اعلیٰ سطحی سفارتی کمیٹی کے تحت انجام دیا جا رہا ہے، جو حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں تشکیل دی گئی تھی تاکہ پاکستان کی پوزیشن کو دنیا بھر میں مضبوط کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ بھارت کی حالیہ جارحانہ پالیسیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں نے خطے کو شدید عدم استحکام سے دوچار کر دیا ہے، اور پاکستان نے سفارتی محاذ پر اس صورتحال کے خلاف بھرپور ردعمل دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ بلاول بھٹو کا یہ دورہ اسی تسلسل کا ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter