چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “روٹی، کپڑا اور مکان” کا نعرہ اب کراچی سے نیویارک تک انسانیت کا منشور بن چکا ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ظہران ممدانی کی جیت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ نعرہ صرف سیاسی نعرہ نہیں بلکہ دنیا بھر کے عوام کے بنیادی حقوق کی ترجمانی کرتا ہے۔ ان کے مطابق، عوامی خدمت، مساوات اور معاشی انصاف کا یہی فلسفہ عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی ظہران ممدانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی بین الاقوامی سطح پر شہری حکومتوں کے درمیان تعاون اور ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز کرے گی۔
واضح رہے کہ 34 سالہ ظہران ممدانی نیویارک شہر کے پہلے مسلمان اور کم عمر ترین میئر منتخب ہوئے ہیں۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 49.6 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے حریف سابق گورنر اینڈریو کومو 41.6 فیصد ووٹ لے سکے۔
مخالفین نے مجھے دہشتگرد ظاہر کرنے کی کوشش کی: مسلم امیدوار ظہران ممدانی
ظہران ممدانی نے اپنی انتخابی مہم میں کرایوں کو منجمد کرنے، مفت پبلک بس سروس شروع کرنے اور شہر کے زیرِ انتظام گروسری اسٹورز قائم کرنے جیسے عوام دوست وعدے کیے تھے، جنہوں نے انہیں ترقی پسند ووٹرز کے درمیان غیر معمولی مقبولیت دلائی۔
