وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ قومی ایئرلائن (PIA) کی نجکاری کے عمل میں نمایاں پیشرفت دیکھنے کو ملے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ حکومت معاشی استحکام کی پالیسی پر گامزن ہے، جس کے مثبت اثرات معیشت کے مختلف شعبوں میں دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیکس وصولیوں میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں معاشی اشاریوں میں واضح بہتری آئی ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے اور ملک کے پالیسی ریٹ میں بھی نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ منی بجٹ کے دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں، حکومت توانائی سمیت مختلف شعبوں میں بنیادی اصلاحات پر عمل پیرا ہے تاکہ معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
10 سال میں 23 سرکاری اداروں سے قومی خزانے کو 55 کھرب روپے کا نقصان، پی آئی اے سرفہرست
ان کا مزید کہنا تھا کہ برآمدات پر مبنی ترقی حکومت کی ترجیح ہے اور موجودہ معاشی کامیابیوں کو مستقل بنیادوں پر مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
