چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک عوام کی آواز، آئین کی سربلندی اور اللہ کے قانون کے نفاذ کے لیے بنا ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دینے کے بعد ایک حقیقی یوم آزادی منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خاص مقصد کے تحت وجود میں آیا تھا، جہاں اللہ کا قانون نافذ ہو، آئین کی بالادستی قائم رہے اور ایوان میں عوام کی آواز سنی جائے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ملک اس لیے حاصل کیا گیا تھا کہ عوام کی رائے کو اہمیت دی جائے اور ان کی بہتری کے لیے مسلسل کوششیں جاری رہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو بہتر سے بہترین بنایا جائے گا اور ہر شعبے میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔ اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ دشمن کے مقابلے میں حاصل کی گئی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ایک متحد اور مضبوط قوم ہیں جو اپنے نظریے اور آزادی کی حفاظت جان کی بازی لگا کر بھی کرے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان 14 اگست 1947 کو آزاد ہوا اور اس دن کو ہر سال قربانیوں، اتحاد اور حب الوطنی کے عزم کی تجدید کے طور پر منایا جاتا ہے۔