اداروں اور سیاسی رہنماؤں کی لفظی جنگ افسوسناک، مسائل بات چیت سے حل ہوں: بیرسٹر گوہر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں اور سیاسی قیادت کی ایک دوسرے کے خلاف شدید زبان، بالخصوص ایک دوسرے کو ذہنی مریض قرار دینا، انتہائی افسوسناک اور سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ کرنے والا طرزِ عمل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک اس وقت ایسے تنازعات اور الزامات کا متحمل نہیں ہوسکتا اور ضروری ہے کہ تمام فریقین تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔

latest urdu news

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی اس وقت جیل میں ہیں، اور اگر انہیں باقاعدگی سے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے تو کئی معاملات میں بہتری آ سکتی ہے۔ ان کے مطابق قیادت تک رسائی میں رکاوٹیں سیاسی مشکلات پیدا کرتی ہیں اور غلط فہمیوں کو بڑھاتی ہیں، اس لیے بہتر ہوگا کہ قانونی اور انسانی بنیادوں پر ملاقاتوں کا عمل مربوط اور شفاف ہو۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک کا دفاع اور سالمیت سب سے مقدم ہے، اور تحریک انصاف کا بیانیہ کبھی بھی ریاست یا فوج مخالف نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے، اس لیے یہ وقت ہے کہ سب ایک دوسرے کو تسلیم کریں، مکالمہ بحال کریں اور ایک دوسرے کے لیے جگہ پیدا کریں۔ اعتماد کے فقدان نے سیاست کو بے یقینی کا شکار کر رکھا ہے، جبکہ عوام معاشی اور سیاسی بے چینی میں مبتلا ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر حکومت غور کرے گی:طلال چوہدری

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملک شدید تناؤ اور انتشار کا سامنا نہیں کر سکتا، کیونکہ ایسے حالات میں نہ جمہوریت پنپ سکتی ہے اور نہ ہی ریاست مضبوط ہو سکتی ہے۔ انہوں نے تمام جمہوریت پسند سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ نفرت انگیز بیانیوں اور الزام تراشی کے بجائے کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، تاکہ سیاسی استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک پریس کانفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے انہیں "ذہنی مریض” قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ریاست اور فوج کے خلاف بیانیہ دیتے ہیں۔ یہ بیان سیاسی حلقوں میں نئی بحث اور ردعمل کا سبب بنا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter