بلوچستان : بانو قتل کیس میں اہم موڑ، مقتولہ کی والدہ گل جان جیل منتقل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلوچستان میں دوہرے قتل کیس میں مقتولہ بانو کی والدہ گل جان کو متنازع بیان کے بعد جیل بھیج دیا گیا، عدالت نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا۔

کوئٹہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیگاری میں پیش آنے والے دوہرے قتل کے ہائی پروفائل کیس میں نیا موڑ سامنے آ گیا ہے، جہاں مقتولہ بانو بی بی کی والدہ گل جان کو عدالت کے حکم پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

latest urdu news

گل جان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان میں بیٹی کے قتل کو "رسم و رواج” کے تحت جائز قرار دیا تھا، جس پر شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آیا، ان کے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ قتل ایک بلوچی جرگے کے فیصلے کے مطابق انجام دیا گیا، اور اسے انہوں نے "جائز سزا” قرار دیا، جس پر انسانی حقوق کے حلقوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا۔

پولیس نے گل جان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی تھی۔ ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں باقاعدہ جیل بھیج دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کی ہدایت پر پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے گل جان بی بی سے ڈی این اے کے نمونے حاصل کیے جن میں خون، بال اور لعاب شامل ہیں۔ یہ نمونے اب تحقیقاتی اداروں کے حوالے کیے جا چکے ہیں تاکہ مقدمے کی سائنسی بنیادوں پر چھان بین کی جا سکے۔

یہ دہرہ قتل رواں ماہ بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں پیش آیا تھا، جہاں ایک مرد اور خاتون کو غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو عدالت طلب کر لیا ہے۔

بانو قتل کیس نے بلوچستان میں جرگہ سسٹم، غیرت کے نام پر قتل، اور ریاستی قانونی عملداری پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنان اس کیس کو نہ صرف ایک سنگین فوجداری معاملہ بلکہ بلوچستان کے قبائلی و عدالتی نظام کے لیے بھی ایک کڑا امتحان قرار دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈیگاری واقعہ میں غیرت کے نام پر قتل کی گونج نے مقامی و قومی سطح پر عوامی رائے کو جنجھوڑا ہے، اور اب گل جان کے متنازع بیان اور گرفتاری نے اس کیس کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جس پر اعلیٰ عدالت کی مداخلت بھی جاری ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter