بنوں ، خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشتگردوں کے حملے کو پولیس نے بہادری سے ناکام بناتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک اور کئی کو زخمی کر دیا۔
اس افسوسناک واقعے میں پولیس کا ایک جوان روح نیاز شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہوا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم دہشتگردوں نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے چوکی پر حملہ کیا، جس پر پولیس نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ زخمی اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔ بنوں پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران مزید گرفتاریاں یا ہلاکتیں خارج از امکان نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردی کے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے تاریکی میں حملہ کرنے والے ان عناصر کا جوانمردی سے سامنا کیا اور تین حملہ آوروں کو انجام تک پہنچا دیا۔
محسن نقوی نے شہید ہونے والے پولیس اہلکار روح نیاز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے لواحقین سے تعزیت اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن ملک کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہماری فورسز ان کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گی۔ خیبرپختونخوا پولیس نے جس جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ قابل تحسین ہے اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔
یاد رہے کہ بنوں اور دیگر قبائلی اضلاع میں حالیہ مہینوں کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جن میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تاہم ہر حملے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔