بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 108 دہشتگرد ہلاک، 10 جوان شہید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے 12 مختلف مقامات پر حملے ناکام بنا دیے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں جاری آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 108 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، تاہم ان کارروائیوں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے 10 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

latest urdu news

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے رات گئے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بزدلانہ حملے کرنے کی کوشش کی، جنہیں بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔ فورسز نے نہ صرف حملہ آوروں کو پسپا کیا بلکہ کئی علاقوں میں دہشتگردوں کا تعاقب جاری رکھا ہوا ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران پنجگور اور شعبان کے علاقوں میں الگ الگ کارروائیوں میں 41 دہشتگرد مارے جا چکے تھے، جبکہ تازہ جھڑپوں میں مزید 58 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے گوادر میں ایک بلوچ مزدور خاندان کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور تین بچوں سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ملوث عناصر کی تلاش کے لیے خصوصی سرچ آپریشن جاری ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور مزید دہشتگردوں کی ہلاکتوں اور نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ فورسز نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، خطرناک دہشتگرد ساجد احمد گرفتار

دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشتگرد حملے ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہادر جوانوں نے جانوں کی قربانی دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور قوم ہمیشہ اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter