سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند، طلبہ اور کاروباری افراد متاثر۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس معطل کر دی گئی ہے۔
صوبائی حکام نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام حفاظتی ضروریات کے تحت اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی یہ بندش 15 اگست تک برقرار رہ سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی مدت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق صوبے کے کئی اہم اضلاع جن میں کوہلو، چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، لورالائی، زیارت، قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور ہرنائی شامل ہیں، وہاں انٹرنیٹ سروس غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ممکنہ سیکیورٹی تھریٹس کی بنا پر کیا گیا ہے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انٹرنیٹ سروس کی بندش نے شہریوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ طلبہ آن لائن کلاسز اور تعلیمی سرگرمیوں میں شرکت سے محروم ہو گئے ہیں، جبکہ فری لانسرز، ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے وابستہ افراد، اور آن لائن کاروبار کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوامی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جائے اور سروس کی جلد بحالی یقینی بنائی جائے۔