ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا لازمی حصہ ہے اور اسے الگ کرنے کا خواب دیکھنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نہ صرف پاکستان کی ثقافت اور معیشت کا اہم ستون ہے بلکہ اس کی ترقی دشمنوں کو ایک آنکھ نہیں بھاتی۔
یہ بات انہوں نے ہلال ٹاکس کے زیر اہتمام منعقدہ فکری و علمی نشست کے دوران کہی، جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے 1950 اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ اس نشست کا مقصد سوشل میڈیا پر دشمن قوتوں کے پھیلائے گئے گمراہ کن بیانیے کے خلاف فکری محاذ پر تیاری اور اساتذہ کو نئی نسل کی راہنمائی کے لیے مؤثر معلومات فراہم کرنا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، انہیں مالی وسائل اور تربیت فراہم کر رہا ہے تاکہ پاکستان کو غیر مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ عناصر بلوچستان کی ترقی کے سب سے بڑے مخالف ہیں، مگر ان کا انجام شکست اور رسوائی ہی ہو گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کا مستقل حل صرف گولی نہیں بلکہ تعلیم، روزگار اور ترقی سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ دہشتگردوں کے بیانیے کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں، وہ دراصل ان کے سہولت کار ہیں اور ریاست کو ان کا نوٹس لینا چاہیے۔
میجر جنرل احمد شریف نے کشمیر کے حوالے سے بھی واضح مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ "کشمیر پاکستان کا ہے اور رہے گا، بھارت کی اسٹریٹیجک غلط فہمیاں اب دفن ہو چکی ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان رشتہ مضبوط ہے، اور فوج ہر قومی چیلنج میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، چاہے وہ دہشتگردی کا محاذ ہو یا پولیو جیسی قومی مہم۔
پروگرام کے اختتام پر اساتذہ کرام نے ہلال ٹاکس جیسے فکری و علمی پروگرامز کو سراہا اور ان کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔