بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ایک بزدلانہ حملے میں 7 جوان جام شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ واقعہ 6 مئی کو اس وقت پیش آیا جب بھارتی پشت پناہی رکھنے والی کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے ایک دیسی ساختہ بم کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
شہید ہونے والوں میں صوبیدار عمر فاروق، نائیک آصف خان، نائیک مشکور علی، سپاہی طارق نواز، سپاہی واجد احمد فیض، سپاہی محمد عاصم اور سپاہی محمد کاشف خان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، واقعے کے فوری بعد علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔
فوجی ترجمان نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں نہ ہماری ہمت کو کمزور کر سکتی ہیں اور نہ ہی بلوچستان میں قیامِ امن کے قومی عزم کو متزلزل کر سکتی ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اور اس کے حواریوں کے سازشی منصوبے، ان شاء اللہ، پاکستان کی بہادر فورسز، ریاستی اداروں اور متحد قوم کے حوصلے کے سامنے ناکام رہیں گے۔