بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور تربیتی شراکت داری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دفاعی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جب کہ مشترکہ تربیتی اقدامات اور ہوابازی کی صنعت میں گہرے روابط پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پاک فضائیہ کی حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔ مہمان کو پاک فضائیہ کے انفراسٹرکچر کی ترقی، تربیتی نظام کی تشکیل نو اور جدید تکنیکی صلاحیتوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ تزویراتی سطح پر جاری اقدامات کے ذریعے اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مستحکم کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مذہبی و تاریخی تعلقات دیرینہ اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، جو دونوں ممالک کی افواج کے درمیان گہرے دفاعی تعاون کا مظہر ہیں۔
ملاقات میں دوطرفہ دفاعی روابط، مشترکہ فضائی مشقوں، تربیتی پروگرامز اور تبادلہ علم جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے بھارت کے خلاف حالیہ کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ایئر چیف کو بھرپور مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستانی فضائی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور حوصلے کی بھی تعریف کی۔
کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے خاص طور پر تربیتی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں اس شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی امید ظاہر کی۔