بہاولپور، سورج کی تپش نے جان لیوا رخ اختیار کر لیا۔ شدید گرمی کے باعث تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ اور ہیٹ ویو کی شدت نے شہریوں کو نڈھال کر دیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 60 سالہ محمد نواز شامل ہے، جو باقرپور کا رہائشی تھا۔
دیگر دو ہلاکتیں مجید آباد کالونی، ملتان اور لاری اڈہ کے قریب ہوئیں، جہاں گرمی کی شدت سے دو نامعلوم افراد دم توڑ گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر لاشوں کو بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تینوں افراد کی موت کا سبب ہیٹ اسٹروک بتایا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ گرمی کی یہ لہر آئندہ چند روز مزید برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں، دھوپ میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائیڈریشن سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے جنوبی علاقوں میں ہر سال گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیاں اور درختوں کی کٹائی اس خطرناک صورتحال کا اہم سبب بن رہے ہیں۔