وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے بعد اب ’’ستھرا پاکستان‘‘ کی مہم عملی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جس کا مقصد احتساب، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ادارے کی جانب سے اپنے ملازم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سزا سنانا ایک مثبت اور حوصلہ افزا مثال ہے، اب دیگر اداروں کو بھی اسی جذبے کے تحت آگے بڑھنا چاہیے۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں ڈی جی پی آر میں وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو عناصر یہ تاثر دیتے تھے کہ اداروں کے اندر احتساب کا کوئی نظام موجود نہیں، ان کے لیے یہ واضح پیغام ہے کہ احتساب کا عمل ممکن ہے اور اس پر عمل ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں گورننس، شفافیت اور میرٹ پر مبنی نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کی گونج اب عالمی سطح پر بھی سنائی دے رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں ترقی اور شفاف حکمرانی کے لیے یورپ اور برطانیہ کی مثالیں دی جاتی تھیں، مگر آج دنیا پنجاب کے ترقیاتی ماڈل اور مؤثر گورننس کو بطور مثال پیش کر رہی ہے، جو پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ ماڈل میں عالمی ادارے گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور اسے دیگر ممالک میں نافذ کرنے کی خواہش ظاہر کی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش نئی دہشت گرد لہر کے خلاف پاک فوج اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت اور عزم کے ساتھ مصروفِ عمل ہیں۔ انہوں نے آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
ذہنی مفلوج اقتدار کیلئے طالبان اور بھارت کی سپورٹ حاصل کر رہا ہے: عظمیٰ بخاری
انہوں نے پنجاب کابینہ کے حالیہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ افسران کے خلاف انکوائری کے نظام میں بڑی اصلاحات کی گئی ہیں، جس کے تحت اب کسی بھی انکوائری کو تین ماہ کے اندر مکمل کرنا لازمی ہوگا، تاکہ بے گناہ افراد کو غیر ضروری اذیت سے بچایا جا سکے اور قصورواروں کو بروقت سزا ملے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق راولپنڈی میں دوسرے آئی ٹی سٹی کے قیام، جدید سمارٹ ٹریفک سسٹم کی تنصیب، امتحانی نظام کو شفاف بنانے کے لیے خودمختار ادارے کے قیام، اور صحت کے شعبے میں نئے اسپتالوں کی منظوری جیسے اقدامات عوامی فلاح کے عکاس ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محنت کشوں کے لیے مفت فلیٹس کی فراہمی وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوام دوست وژن کا تسلسل ہے۔
