پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صرف منصوبوں کی تختیاں لگانے تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر عوامی فلاح کے منصوبے مکمل بھی کر کے دکھا رہی ہیں۔
لاہور میں وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری اور وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں قائم سہولت بازار عوام کو سستی اشیائے خورونوش فراہم کر رہے ہیں اور اب تک 70 فیصد سے زائد راشن کارڈ انہی بازاروں میں استعمال کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بنیادی سہولیات بہتر بنانے کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں 2 ہزار 265 کلومیٹر طویل سیوریج لائن بچھانے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جبکہ صوبے میں 130 نئے ڈسپوزل اسٹیشن بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
رمضان المبارک میں 10 ہزار روپے تک مالی امداد، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پروگرام متعارف
عظمیٰ بخاری کے مطابق بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ صوبے میں 328 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے جبکہ دیہی علاقوں میں تالابوں اور جوہڑوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
