آزادکشمیر حکومت نے منگلا ڈیم متاثرین کے لیے ایک بڑا اقدام کرتے ہوئے ان کے بجلی کے بقایا جات مکمل طور پر معاف کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ توانائی و آبی وسائل آزادکشمیر نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق منگلا ڈیم کی اپ ریزنگ اور توسیع کے منصوبوں سے متاثر ہونے والے کل 2,376 گھرانوں کے بجلی کے بقایا جات معاف کیے گئے ہیں۔ معاف کی جانے والی کل رقم 13 کروڑ 91 لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے۔
متاثرین میں وہ خاندان شامل ہیں جو ڈیم کی توسیع اور بلندی بڑھانے کے منصوبوں کے باعث اپنی رہائش سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے۔ اس اقدام کا مقصد متاثرین کے طویل عرصے سے زیرِ التوا مطالبات کو پورا کرنا ہے، جن میں وہ بجلی کے بلوں میں رعایت اور بقایا جات کی معافی کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔
آزاد کشمیر کی 18 رکنی نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ متاثرین کی سہولت اور ریلیف کے لیے کیا گیا ہے، اور اس سے ہزاروں خاندانوں کو فوری ریلیف حاصل ہوگا۔ بلوں کی معافی کا اطلاق فوراً ہوگا اور متاثرین کے بجلی میٹرز پر موجود تمام پرانے بقایا جات کو زیرو کر دیا جائے گا۔
منگلا ڈیم متاثرین نے کئی دہائیوں سے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے بجلی کے بقایا جات معاف کیے جائیں، اور اس نئے اقدام سے ان کے لیے مالی بوجھ ختم ہو جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے متاثرین کے حقوق کی بحالی اور ان کی زندگی میں سہولت پیدا کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے، جو مقامی سطح پر ایک خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
