مظفرآباد،وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے موجودہ بحران کے تناظر میں ایمرجنسی ہیلتھ رسپانس سینٹر قائم کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔
چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھارتی حملوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک مرکزی ایمرجنسی رسپانس سینٹر قائم کیا گیا ہے، جو 24 گھنٹے فعال رہے گا اور اس سینٹر سے وزیراعظم کو مسلسل رپورٹ پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں ایمرجنسی ہیلتھ رسپانس سینٹر کے قیام کے حوالے سے بھی فیصلے کیے گئے۔
اس موقع پر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے افراد کے ورثا اور زخمیوں کی مدد کی جائے اور وہاں تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں مال مویشی اور مکانات کے نقصانات کا ڈیٹا فوری طور پر اکٹھا کیا جائے گا، اور ادویات و عملے کی کمی کو 24 گھنٹوں میں پورا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے رات کے وقت بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس میں دو مساجد بھی شہید ہو گئیں۔ اس حملے میں 2 بچوں سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے۔
پاک فوج نے بھارتی کارروائیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 3 رافیل طیارے، ایک سکوئی، ایک مگ 29 اور 2 ڈرون مار گرائے، جب کہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا۔