آواران: بلوچستان کے ضلع آواران میں نمازِ جمعہ کے دوران سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا، جس میں مارٹر گولوں اور راکٹ فائر کے نتیجے میں چار معصوم بچے زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آباد علاقے پر کیا گیا، جس سے قریبی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سویلین آبادی، خصوصاً بچوں کو نشانہ بنانا دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ فورسز کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ایف سی ہیڈکوارٹر حملہ: خودکش دہشتگردوں کے سہولت کار نیٹ ورک کا سراغ مل گیا
حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی ادارے عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف اقدامات جاری رکھیں گے اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
