راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کے سلسلے میں بشریٰ بی بی کے خلاف تمام مقدمات کے چالان طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں توسیع کر دی، کیس کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی۔
راولپنڈی، انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف قائم 12 مقدمات کی سماعت ہوئی۔
مقدمات کی سماعت جج امجد علی شاہ کے روبرو ہوئی، جہاں بشریٰ بی بی نے عدالتی روبکار کے ذریعے حاضری لگوائی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے ان تمام کیسز کے چالان طلب کر لیے جن کا تعلق 26 نومبر کے احتجاج سے ہے، ساتھ ہی عدالت نے بشریٰ بی بی کی ان کیسز میں عبوری ضمانت میں توسیع بھی کر دی اور فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت جاری کی۔ کیس کی سماعت اب 10 جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
دوسری طرف راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے جڑے مقدمات کی بھی سماعت ہوئی، جن میں جی ایچ کیو گیٹ 4 پر حملے، آرمی میوزیم، حساس عمارتوں کو نذرِ آتش کرنے، اور میٹرو اسٹیشن پر حملے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔ ان مقدمات کی سماعت عدالت نے 3 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے تھے، جن کے دوران عسکری تنصیبات پر بھی حملے کیے گئے تھے۔ ان واقعات کے بعد متعدد سیاسی رہنما اور کارکن انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت زیرِ تفتیش ہیں، جن میں سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی بھی شامل ہیں۔