واشنگٹن: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور امن کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی صدر نے فیلڈ مارشل کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ بھی دیا۔
ملاقات کے بعد اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خاص طور پر اس بات پر شکریہ ادا کرنے کے لیے مدعو کیا گیا کہ وہ کشیدگی کے باوجود جنگ کی طرف نہیں گئے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایران کی صورتحال پر بھی بات ہوئی، اور پاکستان اس مسئلے پر بہت حساس ہے کیونکہ وہ ایران کو دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ بہتر جانتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ، پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بھی بات چیت کر رہا ہے اور یہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ صدر ٹرمپ نے یاد دلایا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، اس لیے خطے میں قیامِ امن ناگزیر ہے۔
ذرائع کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے بھی آئندہ ملاقات متوقع ہے، جہاں دفاعی، سیکیورٹی اور اسٹریٹجک امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی برادری کی نظریں پاکستان کے مؤقف اور کردار پر مرکوز تھیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے خطے کو جنگ سے بچانے کے لیے سفارتی محاذ پر بھرپور فعالیت دکھائی ہے۔