فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چین کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں، علاقائی استحکام و دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے سرکاری دورے کے دوران بیجنگ میں چین کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاک چین دفاعی و اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے، علاقائی استحکام اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ، وزیر خارجہ وانگ ژی، سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا، پیپلز لبریشن آرمی کے پولیٹیکل کمشنر جنرل چن اور چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جن سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں دو طرفہ دفاعی تعلقات، خطے میں امن و استحکام، انسداد دہشت گردی، دفاعی ٹیکنالوجی میں تعاون، مشترکہ تربیت اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ ہائبرڈ اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی آپریشنل ہم آہنگی اور اسٹریٹجک کوآرڈینیشن کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی قیادت نے پاک چین دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ ملاقاتوں میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں، علاقائی و عالمی سیاسی صورتحال اور باہمی خودمختاری کے اصول پر مبنی کثیرالجہتی تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مسلسل حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے تمام شعبوں میں فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے ایک بار پھر اسٹریٹجک شراکت داری کو "آہنی برادری” کے جذبے سے آگے بڑھانے کا اعادہ کیا، جسے وقت، آزمائش اور خطے کے بدلتے منظرنامے نے مضبوط کیا ہے۔