فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ہلالِ جرأت سے نوازا گیا، صدرِ پاکستان نے اعلیٰ عسکری و سول اعزازات عطا کیے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

یومِ آزادی کے موقع پر ایوانِ صدر میں ایک باوقار تقریب کے دوران فیلڈ مارشل و آرمی چیف سید عاصم منیر کو ہلالِ جرأت کے اعلیٰ عسکری اعزاز سے نوازا گیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اعزازات عطا کیے۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء، اعلیٰ عسکری حکام اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

latest urdu news

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو یہ اعزاز انتہائی مشکل حالات میں فوج کی مؤثر قیادت، لازوال جرأت، غیر متزلزل حب الوطنی اور جنگی مہارت کے اعتراف میں دیا گیا۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے حالیہ خطرات اور بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔

تقریب میں دیگر اعلیٰ عسکری شخصیات کو بھی اعزازات سے نوازا گیا:

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کو نشانِ امتیاز (ملٹری) دیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ہلالِ جرأت دیا گیا، جنہوں نے فضائی برتری حاصل کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا، جنہوں نے پاکستان کی بحری سرحدوں کا دفاع یقینی بنایا۔

سول قیادت کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا:

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو سفارتی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر اعزاز دیا گیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کے موقف کی بھرپور وکالت کرنے پر سراہا گیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کو بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر نشانِ امتیاز دیا گیا۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو معرکہ حق میں اطلاعات کی مؤثر ترسیل پر اعزاز ملا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کو داخلی محاذ پر امن و استحکام برقرار رکھنے پر سراہا گیا۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو تذویراتی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے پر اعزاز ملا۔

بلاول بھٹو زرداری کو بھارت کی چالاکیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے اور پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔

یہ تقریب ملکی قیادت اور اداروں کی قربانیوں، حب الوطنی اور قومی اتحاد کی علامت بن گئی، جہاں ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد کو ان کی خدمات کے اعتراف میں عزت بخشی گئی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter