حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے، کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اسد قیصر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت غیر منتخب ہے، مہنگائی و ٹیکسوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے، انصاف، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

latest urdu news

پشاور، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور عوامی مسائل، مہنگائی اور ناجائز ٹیکسوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے گی۔

اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت آئین اور قانون کی بالادستی کا تصور موجود نہیں، اور پی ٹی آئی کے خلاف ریاستی دائرہ مسلسل تنگ کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق مخصوص نشستوں کا معاملہ واضح ہے، مگر اسے بھی سیاسی بنیادوں پر الجھایا جا رہا ہے۔

اسد قیصر نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت غیر منتخب ہے اور اس کی تمام پالیسیاں غیر آئینی طریقے سے نافذ کی جا رہی ہیں، جن سے عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو ہمیشہ وفاق کی طرف سے نظرانداز کیا جاتا رہا ہے، این ایف سی ایوارڈ، نیٹ ہائیڈل پرافٹ اور دیگر واجبات کی ادائیگی اب تک نہیں کی گئی، جو کہ صوبے کے ساتھ مسلسل زیادتی ہے۔

اسد قیصر نے واضح کیا کہ احتجاج کی حکمت عملی بانی پی ٹی آئی طے کریں گے اور وہ ہر ممکن طریقے سے موجودہ حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کسی فرد کے لیے نہیں بلکہ پاکستان میں آئین اور قانون کی مکمل عملداری کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی پی ٹی آئی رہنما ملک میں آئینی انحراف، انتخابات میں مبینہ دھاندلی، اور عوامی مینڈیٹ کو نظر انداز کرنے جیسے معاملات پر مسلسل احتجاج کرتے آ رہے ہیں، اور کئی مرتبہ حکومت پر شدید تنقید کی جا چکی ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت وفاق سے اپنے مالی واجبات کی ادائیگی کے لیے متعدد بار مطالبات بھی کر چکی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter