وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے، مگر گرفتاریاں تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کو نہیں روک سکتیں۔
گجرات، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کسی رکاوٹ کی مرہون منت نہیں، گرفتاریاں اور حکومتی ہتھکنڈے تحریک کے راستے کی دیوار نہیں بن سکتے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج تمام پارلیمنٹیرینز کا اجلاس ہوگا، جس کے بعد تحریک انصاف اپنی سیاسی سرگرمیوں کا بھرپور آغاز کرے گی۔ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کسی الیکشن میں حصہ لینے نہیں بلکہ اپنے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ حکومت اس معاملے پر غیر ضروری ردعمل دے رہی ہے اور گھبراہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کسی بھی شہری کو اس کے آئینی اور بنیادی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف جاری گرفتاریوں کو انہوں نے حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے قرار دیا اور کہا کہ یہ سب جمہوری عمل کو روکنے کی ناکام کوششیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ان کے حقِ رائے دہی سے محروم رکھنے اور سیاسی قیادت کو دبانے کا سلسلہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا، تحریک انصاف ملک میں آئینی اور جمہوری بالادستی کے لیے پرعزم ہے۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف ایک بار پھر ملک بھر میں سیاسی سرگرمیوں کے آغاز کا اعلان کر چکی ہے اور پارٹی قیادت کی طرف سے آئندہ دنوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔