انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے پُرتشدد واقعات سے متعلق دو اہم مقدمات میں خدیجہ شاہ سمیت 8 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت کی جانب سے یہ کارروائی ملزمان کی مسلسل غیر حاضری پر عمل میں لائی گئی، جن میں سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی خدیجہ شاہ بھی شامل ہیں۔ ان کے خلاف جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ کیسز میں حاضری سے گریز پر وارنٹس جاری کیے گئے۔
دیگر ملزمان میں عمران اور فائزہ عظمت شامل ہیں، جن کے خلاف جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، جبکہ عثمان احمد مرسلین، حمزہ سہیل اور محمد خالد کے خلاف عسکری ٹاور کیس میں قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی والوں کو کلاؤڈ برسٹ کی طرح سزائیں ہوئیں :بیرسٹر گوہر
عدالت نے مزید دو ملزمان عبدالرزاق اور صفدر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ کے ساتھ ساتھ اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔ یہ دونوں افراد بھی جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں مطلوب ہیں۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو ملک بھر میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں میں ریاستی اور عسکری املاک کو نشانہ بنایا گیا تھا، جن پر مختلف شہروں میں درجنوں مقدمات قائم کیے گئے تھے۔
