آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واشنگٹن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی، اوورسیز پاکستانیوں کو "ملک کے سفیر” قرار دیا اور ان کے مثبت کردار کو سراہا۔
اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق، پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورۂ امریکہ کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف کا اوورسیز پاکستانیوں نے پرتپاک استقبال کیا، اور ملاقات میں بڑی تعداد میں کمیونٹی کے افراد شریک ہوئے۔
اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کے دوران پاک فوج کی بہادری، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کا "حقیقی سفیر” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت، ترسیلات زر، سرمایہ کاری، اور پاکستان کی عالمی ساکھ بہتر بنانے میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہے۔
ملاقات کے دوران کمیونٹی کے ارکان نے اپنے تجربات، مسائل اور تجاویز آرمی چیف کے ساتھ شیئر کیں، جس پر جنرل عاصم منیر نے ان سے مسلسل رابطے، ہم آہنگی اور تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی اور وطنِ عزیز ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، اور باہمی اشتراک سے ہی پاکستان کو محفوظ، خوشحال اور مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
یہ ملاقات ایک مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک نئے جذبے اور عزم کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر حالیہ مہینوں میں عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کو اجاگر کرنے کے لیے متعدد اہم ممالک کے دورے کر چکے ہیں، جن میں قومی سلامتی، سفارتی روابط، اور اوورسیز پاکستانیوں سے مربوط تعلقات کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔