وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری ایوان صدر بھجوا دی ہے۔
اس فیصلے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر دونوں اہم عہدوں پر فائز رہیں گے، جس سے ملکی دفاعی قیادت میں استحکام اور یکسوئی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعیناتی سے پاک فوج اور دیگر مسلح افواج کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کے بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرر سے قومی دفاعی پالیسیوں کی ہم آہنگی اور سیکیورٹی امور میں بہتر انتظامات ممکن ہوں گے۔
اسی دوران، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو کی مدت ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔ اس توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت ملازمت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔ اس فیصلے کے بعد ائیر فورس کی قیادت میں بھی استحکام قائم رہے گا اور اہم منصوبوں کی تکمیل میں معاونت حاصل ہوگی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مصری وزیر خارجہ کی ملاقات؛ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم کے اس اقدام کو ملکی دفاعی حکمت عملی میں اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مسلح افواج کے اندر قیادت میں تسلسل اور تجربے کا فائدہ حاصل ہوگا۔ ماہرین کے مطابق یہ تعیناتیاں نہ صرف مسلح افواج کے آپریشنل امور کو مستحکم کریں گی بلکہ قومی سلامتی اور دفاعی تیاریوں کو بھی مضبوط بنائیں گی۔
یہ تعیناتیاں اس وقت سامنے آئی ہیں جب ملک میں سیکیورٹی کے حوالے سے حساس صورتحال ہے، اور حکومت کی جانب سے دفاعی قیادت میں تسلسل اور مضبوط رابطے کو یقینی بنانا ایک اہم حکمت عملی تصور کی جا رہی ہے۔
