حج 2026 کی درخواستیں 4 اگست سے شروع ہوں گی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ درخواستوں کی وصولی کا عمل کل 4 اگست سے باقاعدہ طور پر شروع ہو جائے گا۔ ترجمان وزارت کے مطابق اس بار عازمین حج کو آن لائن پورٹل اور نامزد بینکوں کے ذریعے درخواست جمع کروانے کی سہولت دی گئی ہے، اور یہ تمام درخواستیں "پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔

حکومتی ترجمان نے وضاحت کی کہ پہلے سے رجسٹرڈ افراد سے حج واجبات کی پہلی قسط 4 تا 9 اگست تک وصول کی جائے گی، جبکہ اگر نشستیں دستیاب رہیں تو نئے درخواست گزار 11 تا 16 اگست تک اپلائی کر سکیں گے۔ جیسے ہی مختص نشستیں مکمل ہو جائیں گی، حج واجبات کی وصولی روک دی جائے گی۔

latest urdu news

حج 2026 کے لیے مجوزہ پیکیج کی مالیت ساڑھے گیارہ لاکھ روپے سے ساڑھے بارہ لاکھ روپے کے درمیان رکھی گئی ہے، جس میں قربانی (دم شکر) کی رقم بھی شامل ہے۔ وزارت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ دوسری قسط کی وصولی کا عمل یکم نومبر سے شروع ہو گا۔

اس بار حکومت نے کچھ اہم پابندیاں بھی ختم کر دی ہیں، جن میں دوبارہ حج کرنے پر عائد پابندی اور عمر کی بالائی حد شامل ہیں۔ تاہم، وہ بچے جو یکم مارچ 2014 کے بعد پیدا ہوئے ہیں، ان کے لیے اپلائی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس حج پالیسی میں محدود نشستوں، مہنگے اخراجات، اور عمر کی حد کی پابندی جیسے نکات پر عوامی سطح پر اعتراضات سامنے آئے تھے، جس کے بعد وزارت مذہبی امور نے 2026 کی پالیسی کو نسبتاً سہل اور لچکدار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter