اپنا گھر بنانے کا خواب حقیقت بننے لگا، “اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے میں بڑی پیشرفت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے "اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کے تحت اپنا ذاتی گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری آ گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس اہم منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ صرف ایک ہاؤسنگ اسکیم نہیں بلکہ لاکھوں غریب خاندانوں کے لیے نئی زندگی کی نوید ہے۔

latest urdu news

پیر کے روز وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منصوبے پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہیں منصوبے کی موجودہ پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 51 ہزار 911 نادار خاندانوں کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے اور 60 ارب 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم تقسیم ہو چکی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ 45,178 گھر زیر تعمیر ہیں، جبکہ 6,160 گھر مکمل ہو چکے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ہزاروں افراد کے لیے "اپنا گھر” اب ایک خواب نہیں بلکہ ایک حقیقت بن چکا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا: "جس دن ایک غریب کے سر پر چھت آتی ہے، اس دن ریاست کامیاب ہو جاتی ہے۔ ہم نے روایتی سیاست کا دروازہ بند اور عوامی خدمت کا در کھول دیا ہے۔”

انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ محض اینٹوں، سیمنٹ اور دیواروں کا مجموعہ نہیں، بلکہ یہ معاشی طور پر کمزور طبقے کے لیے عزت، تحفظ اور ایک بہتر مستقبل کی بنیاد ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق، منصوبے کا دائرہ کار مزید بڑھایا جا رہا ہے تاکہ پنجاب کے ہر بے گھر شہری تک یہ سہولت پہنچ سکے۔ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ شفافیت اور تیزی کو یقینی بنایا جائے اور اگلے مرحلے میں مزید لاکھوں افراد کو اس منصوبے میں شامل کیا جائے۔

یہ منصوبہ ان افراد کے لیے امید کی ایک کرن بن چکا ہے، جو برسوں سے اپنا گھر بنانے کا خواب دل میں بسائے ہوئے تھے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter