اپنا میٹر اپنی ریڈنگ مہم ، 10 لاکھ سے زائد صارفین مستفید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، بجلی کے شعبے میں شفافیت، اصلاحات اور صارفین کے اطمینان کو فروغ دینے کے لیے شروع کی گئی "اپنا میٹر اپنی ریڈنگ” مہم کو ملک بھر میں زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ وزارت توانائی کے مطابق اب تک 10 لاکھ سے زائد بجلی کے صارفین اس ڈیجیٹل سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔

latest urdu news

وزارت توانائی کے ترجمان نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ یہ مہم حکومت کی اس جامع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد زائد بلنگ، غلط میٹر ریڈنگ اور صارفین کی شکایات کا مؤثر حل ہے۔ اس مہم کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کو براہ راست اپنی میٹر ریڈنگ جمع کرانے کی سہولت دی گئی ہے۔

یہ سہولت پاور اسمارٹ” موبائل ایپ کے ذریعے متعارف کروائی گئی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین اپنے میٹر کی تصویر اپلوڈ کر کے اپنی موجودہ ریڈنگ جمع کرا سکتے ہیں، جس سے بلنگ کی غلطیوں، غیر ضروری تاخیر اور تنازعات کے امکانات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری کی قیادت میں بلنگ نظام کو شفاف بنانے کے لیے کئی اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ’’پاور اسمارٹ‘‘ ایپ کے ذریعے صارفین کو خود میٹر ریڈنگ جمع کرانے کا اختیار دے کر زائد بلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن بنائی گئی ہے۔

وزارت نے یہ بھی بتایا کہ صارفین کی جانب سے اس ڈیجیٹل سہولت کو بھرپور انداز میں قبول کیا گیا ہے، اور ملک بھر میں اس وقت 10 لاکھ سے زائد افراد اسے استعمال کر چکے ہیں۔

یہ مہم ڈیجیٹل گورننس اور عوامی خدمات میں شفافیت کے فروغ کی ایک بڑی مثال کے طور پر سامنے آئی ہے۔ وزارت کے مطابق جون 2024 تک بجلی کے شعبے کو 591 ارب روپے کے نقصانات کا سامنا تھا، تاہم اصلاحاتی اقدامات کی بدولت اب تک ان نقصانات میں 191 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ "اپنا میٹر اپنی ریڈنگ” پروگرام نہ صرف صارفین کو بااختیار بنا رہا ہے بلکہ یہ بجلی کے شعبے میں جدیدیت اور پائیدار مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ وفاقی وزیر نے آئندہ سال کو بہتر سروس اور صارف اطمینان کا سال قرار دیا ہے۔

 

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter