39
کراچی،سندھ حکومت نے بجلی صارفین کے لیے بڑا ریلیف دیتے ہوئے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں سے پریشان شہریوں کو سہولت دینے اور متبادل توانائی کے فروغ کی پالیسی کا حصہ ہے۔
محکمہ توانائی سندھ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وہ صارفین جو ماہانہ 100 یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، وہ 20 اگست 2025 تک اس اسکیم کے تحت درخواست دے سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر درخواستوں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار سے تجاوز کر گئی تو مستحقین کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے دیے جانے والے یہ سولر سسٹم جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے، جو ابر آلود موسم میں بھی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اسکیم کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو بجلی کے بلوں سے جزوی طور پر نجات دلانا اور انہیں خود انحصاری کی جانب گامزن کرنا ہے۔