اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان ہر محاذ پر مؤثر اور بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ یہ بات انہوں نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلگام واقعے کو بھارتی فالس فلیگ آپریشن قرار دیا اور متعدد تکنیکی نکات کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کی منصوبہ بندی اور جھوٹے دعوؤں کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج، وقوعہ تک رسائی اور الزامات کی رفتار نے واضح کیا کہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی گئی تاکہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا تاثر دیا جائے۔ جعفر ایکسپریس اور پہلگام حملے میں ایک جیسے سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال ہوئے، اور مخصوص وقت پر پروپیگنڈا شروع کیا گیا۔ بھارتی میڈیا نے فوری طور پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کو جعلی مقابلوں میں دہشت گرد قرار دے کر شہید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے 24 اپریل کو 54 سالہ فاروق اور 23 اپریل کو کپواڑہ میں ہونے والے جعلی مقابلے کا حوالہ بھی دیا۔
بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے شواہد، بلوچ علیحدگی پسندوں کے اعترافی بیانات پیش
پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی اسپانسرڈ دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد پیش کیے، جن میں بلوچ علیحدگی پسندوں کے اعترافی بیانات اور جعلی ویڈیوز، AI-generated تصاویر شامل تھیں جو بھارتی میڈیا نے استعمال کیں۔
میجر جنرل احمد شریف نے بتایا کہ جنوری سے اب تک دہشت گردی کے 3,700 سے زائد واقعات ہو چکے ہیں، جن میں 3,896 عام شہری اور 1,314 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، جبکہ 2,582 زخمی ہوئے۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز نے 77,816 آپریشنز کیے اور 1,666 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلگام واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا اور درجنوں گھروں کو بلڈوز کیا گیا۔ روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں افراد کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کا مؤقف واضح — جوابی کارروائی کی مکمل تیاری
ڈی جی آئی ایس پی آر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ حملہ کہاں ہوگا، یہ بھارت کا انتخاب ہو سکتا ہے، لیکن "آگے کہاں جانا ہے، یہ ہم طے کریں گے”۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج فضا، زمین اور سمندر ہر محاذ پر مکمل تیار ہیں۔