وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں عروج پر ہیں، مگر ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
پشاور، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں لیکن ہم ڈٹ کر کھڑے ہیں اور پاکستان و آزادی کی جنگ آخری دم تک لڑیں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی پاسداری ختم ہو چکی ہے، عوامی نمائندوں کو بلاجواز نااہل کر کے عوام کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں، ان کے مطابق الیکشن میں مینڈیٹ چوری کیا گیا اور "فارم 47” کی بنیاد پر حکومت مسلط کی گئی۔
علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا کہ 17 ماہ میں صوبے نے 250 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل کی، 190 ارب روپے کا انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا اور ہدف 300 ارب روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی شفافیت، خدمت اور ترقی میں مثال بن چکا ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے، عوامی اعتماد کی بحالی، اور جرگوں کے دائرہ کار کو بڑھانے کو اولین ترجیحات قرار دیا، پولیس اور فوج کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ریاست مخالف قوتوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔