30
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے رواں ماہ پشاور میں ایک بڑے عوامی جلسے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ حقیقی آزادی، آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی شعور کے اظہار کے لیے منعقد کیا جائے گا۔
ویڈیو پیغام میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ جلسہ صرف ایک سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ "حق کی جنگ” کا حصہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور شرکت کریں تاکہ یہ اجتماع پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار جلسہ بنے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جلسے کے ذریعے نہ صرف مخالفین بلکہ پوری دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی عوام کیا چاہتی ہے اور ان کا مؤقف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی طاقت کو دنیا کے سامنے لانے کا وقت آ گیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ اس تحریک کو کامیابی تک پہنچائیں گے، جو بانی پی ٹی آئی نے "حقیقی آزادی” کے لیے شروع کی تھی۔ ان کے مطابق، یہ جدوجہد جاری رہے گی جب تک عوام کے آئینی و جمہوری حقوق مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتے۔