پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت کے مسئلے کے حل تک دھرنا جاری رکھا جائے گا۔
اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا سب سے بڑا اور واحد مطالبہ یہ ہے کہ عمران خان کو مکمل اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں پارٹی قیادت کو بروقت آگاہ نہیں کیا گیا اور میڈیا رپورٹس کے ذریعے صورتحال کا علم ہوا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پمز کے ڈاکٹر کی جانب سے علاج مکمل ہونے کا بیان دیا گیا، تاہم بعد میں وکیل سلمان صفدر کی جیل میں ملاقات سے معلوم ہوا کہ صورتحال تشویشناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کا علاج ان کے ذاتی معالج یا کسی قریبی فیملی ممبر کی نگرانی میں کرایا جائے۔
عمران خان کی آنکھ کا علاج خصوصی اسپتال میں ہوگا:وفاقی حکومت
ان کا کہنا تھا کہ جب تک مسئلے کا تسلی بخش حل نہیں نکلتا، دھرنا جاری رہے گا اور اسے مزید وسعت بھی دی جا چکی ہے۔ پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو وہ تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں جن کی انہیں ضرورت ہے۔
