انسدادِ دہشت گردی عدالت کے حکم پر سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خانم کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خانم کی بارہا عدم پیشی پر یہ احکامات جاری کیے تھے۔
عدالتی حکم کے بعد نادرا اور پاسپورٹ حکام نے رپورٹ جمع کروا دی جس میں تصدیق کی گئی کہ علیمہ خانم کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے یہ حکم جاری کیا۔ عدالت نے علیمہ خانم کے چھ مرتبہ وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔
26 نومبر احتجاج کیس: علیمہ خانم سمیت 10 ملزمان پر فردِ جرم عائد
مزید برآں، عدالت نے ہدایت دی ہے کہ 30 اکتوبر کو کیس کی سماعت کے دوران گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے، جن میں پانچ گواہان کو طلب کیا گیا ہے۔
عدالت نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ علیمہ خانم کو کل گرفتار کر کے پیش کیا جائے تاکہ مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
