پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے واضح کیا ہے کہ شیر افضل مروت کا پارٹی سے کوئی تعلق اب نہیں رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا ہے، اس لیے ان کی باتوں کا جواب دینا ضروری نہیں۔
علیمہ خانم نے میڈیا سے گفتگو میں بیٹوں کی رہائی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے بیٹے رہا ہو گئے ہیں، اب باقی لوگوں کو بھی رہا ہونا چاہیے۔ انہوں نے عمران خان پر لگائی گئی سزا کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں۔
شیر افضل مروت کے حوالے سے علیمہ خانم نے کہا کہ اگر وہ چاہیں تو کوئی اور پارٹی جوائن کر لیں، اور پی ٹی آئی کے معاملات پر گفتگو بند کر دیں۔
عمران خان بالکل ٹھیک ہیں، ان کی صحت سے متعلق سنسنی پھیلائی جا رہی ہے: علیمہ خان
دوسری طرف، رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے علیمہ خانم پر پارٹی پر قبضہ اور مداخلت کا الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ علیمہ خانم نے پارٹی کو تقریباً ایک سال میں مکمل کنٹرول کر لیا ہے اور پارٹی کے اہم فیصلے وہی کرتی ہیں، جس میں اجلاسوں کی تاریخ اور پارٹی عہدوں کی تبدیلی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خانم پارٹی کے ارکان کے خلاف سخت زبان بھی استعمال کرتی ہیں۔