بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان صحافی کے سوال پر برہم ہو گئیں اور میڈیا سے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے ناراضی کا اظہار کیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے علیمہ خان سے سوال کیا کہ کیا عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ کا مؤقف پارٹی کے فیصلے سے مختلف ہے؟
اس پر علیمہ خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "آپ نے سوال بہت عجیب سا پوچھا ہے، اگر عمران خان فیملی کے ہاتھ مؤقف بھیجتے ہیں تو وہ ان ہی کا مؤقف ہوتا ہے، آپ نے کیوں کہا کہ یہ فیملی کا مؤقف ہے؟”
انہوں نے مزید کہا کہ "آپ لوگ ایسی شیطانیاں کرتے ہیں، ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم میڈیا سے بات کرنا چھوڑ دیں، اگر ہم بات کر رہے ہیں تو آپ بھی احترام کریں۔ یہ جان بوجھ کر کی گئی بات ہے اور مجھے اس پر دکھ ہوا۔”
علیمہ خان کا وضاحتی بیان: سلمان اکرم سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، وہ فیملی جیسے ہیں
علیمہ خان نے گفتگو کے دوران جذباتی انداز میں کہا: "ہمارے بچے اور بھائی جیلوں میں ہیں، ہمارے اوپر کیسز چل رہے ہیں، اتنا تو لحاظ کریں۔ اگر آپ ایسے شیطانی سوالات کریں گے تو مجھے یقیناً میڈیا سے بات کرنے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔”
آخر میں علیمہ خان نے میڈیا نمائندوں سے ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارا موڈ نہیں آپ سے بات کرنے کا، ہم بات نہیں کریں گے۔”