سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو نے سعودی عرب کے دورے کے دوران رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ائیرچیف مارشل کو رائل سعودی فضائیہ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات میں مستقبل میں مشترکہ تربیت، آپریشنل تعاون، اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا گیا۔ ائیرچیف نے پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین فورس میں تبدیلی اور کثیر القومی مشقوں کے ذریعے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایئر چیف مارشل کا بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کا دورہ
سعودی دفاعی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور آپریشنل برتری کو سراہا اور مشترکہ تربیت اور عملی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاک سعودی عرب کے دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کی گہرائی اور دفاعی و ہوابازی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔
