راولپنڈی، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، آپریشن "بنیان مرصوص” کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر گئے اور شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ائیر چیف نے راولپنڈی میں شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، ان کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی عظیم قربانی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، انہوں نے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ائیر چیف مارشل نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے بہادر شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے گا، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ مادرِ وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے اور اپنے جانبازوں کی شجاعت اور قربانیوں کی روایت کو زندہ رکھے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر چیف مارشل نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی اور ان کے حوصلے، عزم اور قربانی کو سراہا۔
ائیر چیف نے متعلقہ حکام کو زخمی اہلکاروں کو بہترین علاج اور مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔