گوگل نے اعلان کیا ہے کہ 2024 کے آخر تک پاکستان میں AI Overviews میں اشتہارات کا فیچر متعارف ہوگا، جس سے کاروبار صارفین سے براہِ راست جُڑ سکیں گے۔
اسلام آباد، گوگل نے رواں برس کے اختتام تک پاکستان سمیت ایشیا کی اہم مارکیٹوں میں اپنے جدید فیچر "AI Overviews” میں اشتہارات شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد کاروباری اداروں کو صارفین تک براہِ راست پہنچنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک نیا اور مؤثر ذریعہ فراہم کرنا ہے۔
AI Overviews، جسے اس وقت دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب سے زائد افراد استعمال کر رہے ہیں، اب گوگل سرچ پر صارف کے سوالات کے جوابات میں اشتہارات بھی دکھائے گا۔ یہ فیچر گوگل کی جانب سے تجارتی نوعیت کے سرچ سوالات میں بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے پاکستان میں کاروباری اداروں کو اپنے صارفین تک بروقت اور سیاق و سباق کے مطابق رسائی ممکن ہو گی۔
گوگل کے مطابق، AI Overviews میں اشتہارات شامل کرنے سے صارفین کی فیصلہ سازی کا سفر مزید مختصر ہو جائے گا۔ برانڈز اور کاروباری ادارے ان اشتہارات کے ذریعے خود کو AI کے تجویز کردہ جوابات کا حصہ بنا سکیں گے، جس سے وہ سرچ کے آغاز میں ہی صارف سے جڑنے میں کامیاب ہوں گے۔
گوگل ساؤتھ ایشیا کی نائب صدر سپنا چڈھا نے کہا کہ "ہم کئی سالوں سے AI پر مبنی اشتہارات میں سرفہرست ہیں، اور اب صارفین کے پیچیدہ سفر کو سمجھتے ہوئے مارکیٹرز کو ایسے ٹولز فراہم کر رہے ہیں جو نہ صرف ذاتی نوعیت کے ہیں بلکہ خودکار اور زیادہ ذہین بھی ہیں۔”
نئے فیچرز میں شامل AI Max for Search نامی ٹول، گوگل کے جیمنائی ماڈل کی مدد سے کسی ویب سائٹ یا اشتہار کو خود بخود سمجھ کر صارف کی اصل تلاش سے ہم آہنگ ہیڈ لائنز خود تیار کرتا ہے، اس طرح طویل کی ورڈ فہرستوں کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے۔ علاوہ ازیں، Google Ads کا AI Mode، Agentic AI، اور یوٹیوب کریئیٹر پارٹنرشپ حب جیسے جدید ٹولز مارکیٹرز کو صارفین سے جُڑنے کے زیادہ بہتر مواقع فراہم کریں گے۔
AI سے چلنے والا Agentic اسسٹنٹ اب گوگل ایڈز اور اینالیٹکس میں سپر چارجڈ معاون کی حیثیت سے مہمات کی منصوبہ بندی، تجزیہ اور تخلیق میں مدد دے گا۔ اس سے نہ صرف کاروباری اداروں کو بہتر نتائج حاصل ہوں گے بلکہ ان کا وقت اور وسائل بھی بچیں گے۔
یاد رہے کہ گوگل کا AI Overviews فیچر اب محض معلوماتی خلاصے تک محدود نہیں رہا، بلکہ اب یہ صارفین کی خریداری، تلاش، اور فیصلہ سازی میں براہ راست اشتہارات کے ذریعے اثر انداز ہو گا۔ پاکستانی مارکیٹ میں یہ تبدیلی خاص طور پر ڈیجیٹل اشتہارات، چھوٹے کاروباروں اور ای-کامرس کے لیے نئے مواقع اور چیلنجز دونوں پیدا کرے گی۔